بنگلورو ،10/مارچ ( ایس او نیوز /ایجنسی/میڈیا رپورٹس)بنگلورو کے رامیشورم کیفے بلاسٹ کیس میں دھماکہ کرنے والے ملزم کی ایک نئی تصویر آج جاری کی گئی ہے۔ اس معاملے میں انسداد دہشت گردی ایجنسی یعنی اے ٹی ایس نے مقدمہ درج کیا تھا اور مشتبہ شخص کی شناخت میں عوام سے مدد طلب کی تھی۔ اب ایجنسی نے ایک نئی تصویر جاری کی ہے اور اس کے تعلق سے کسی کو بھی کچھ معلوم ہونے کی صورت میں این آئی اے کو خبر دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ آین آئی اے نے سوشل میڈیا ایکس پر بتایا ہے کہ دی گئی تصویر کے متعلق کسی کو کوئی جانکاری ہو تو Call 08029510900, 8904241100 or email to info.blr.nia@gov.in پر خبر دے سکتے ہیں۔
مشتبہ شخص کے بارے میں تفتیشی افسران کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ اس نے یکم مارچ کو بنگلورو کے ایک مشہور ریستوراں میں کھانا کھایا تھا۔قابل ذکر ہے کہ کیفے میں دھماکے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا تھا کہ وہ بس میں سوار ہوا تھا۔ ویڈیو کا ٹائم اسٹیمپ 1 مارچ کو دوپہر 2:03 بجے دکھا یا گیا تھا۔
مشتبہ شخص کو ٹی شرٹ، ٹوپی اور فیس ماسک پہنے کیفے میں ایک بیگ چھوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ پتہ چلا ہے کہ بلاری ضلع کے کول بازار کے ایک ٹیکسٹائل تاجر اور مبینہ طور پر ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے وابستہ ایک کیڈر کو بھی اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سخت سیکورٹی کے درمیان رامیشورم کیفے اب واپس کھل چکا ہے۔ یہاں داخلی گیٹ پر میٹل ڈیٹکٹر لگائے گئے ہیں اور صارفین اور ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہینڈ ہیلڈ ڈیٹیکٹرز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔راگھویندر راؤ، دی رامیشورم کیفے کے شریک بانی اور سی ای او نے کہا کہ ہم نے اپنی سیکورٹی ٹیم کو مضبوط کیا ہے اور ہم کیفے کی سیکورٹی کو بڑھانے کے لیے سابق فوجیوں پر مشتمل ایک علیحدہ پینل قائم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔